لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان نے واضح کیا کہ سرفراز احمد کے بارے میں روزانہ نئی نئی خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی سرفراز کو پاکستان سے بیرون ملک متنقل کروادیا جاتا ہے تو کبھی کچھ اور، اب انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے ہٹانے کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے، جو بالکل بے بنیاد ہے کیونکہ پی ایس ایل 9 میں ٹیم کی قیادت سرفراز احمد ہی کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینجر نے کہا کہ اس طرح کی من گھڑت باتوں کے عادی ہوچکے ہیں اور ان خبروں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، سرفراز احمد خود میرے ساتھ ایئرپورٹ پر ہیں اور ہم لاہور روانہ ہورہے ہیں۔ پی ایس ایل 9 میں کوشش ہوگی کہ اس بار ٹیم کی پرفارمنس سے سب کے دل جیتیں۔