بیجنگ:ایک حالیہ تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ مسوڑھوں سے خون بہنے کی وجہ سے پھیپھڑے کی بیماری لاحق ہوجاتی ہے۔ چین میں کی گئی اس تحقیق کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ مسوڑھوں سے خون بہنا یا رسنا اچھی علامت نہیں اور یہ کورونک آبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز کا سبب بنتا ہے۔واضح رہے کہ سی او پی ڈی دراصل بیماریوں کے ایک ایسے گروپ کو کہا جاتا ہے جسکی وجہ پھیپھڑوں میں آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے اور سانس کے رکنے جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت کے بعد اب پھیپھڑوں کی بیماریوں کا نیا طریقہ علاج ہوسکے گا۔ تحقیق کے مطابق 16 ملین یا ایک کروڑ ساٹھ لاکھ امریکی اس میں مبتلا ہیں اور یہ بیماری دنیا بھر میں موت کا سبب بننے والی چھٹی بڑی وجہ ہے۔چینی محققین کے مطابق انہوں نے منہ میں بیکٹیریا (پورفیروموناس گنگیویلز نامی بیکٹیریا) سے متاثرہ چوہوں پر کیے گئے تجربات میں اس کا مشاہدہ کیا جو کہ بعد میں مسوڑھوں کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ چوہے مسوڑھے کی اس بیماری کی وجہ پہلے ہی کورونک آبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز میں مبتلا تھے۔ چین کی سیچوان یونیورسٹی کے ویسٹ چائنا ہاسپٹل آف اسٹوماٹولوجی کے ڈاکٹر یان لی جو کہ اس تحقیق کے شریک مصنف ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہماری اس دریافت سے اب سی او پی ڈی کے علاج میں نئی اسٹراٹیجی کا امکان ہے۔