پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا، ایرانی صدر

لاہور:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور مہمانوں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔بعدازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مزار اقبال بھی گئے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے بہت اہم ہے، علامہ اقبال نے پیغام دیا کہ کیسے استعمار کے خلاف کھڑے ہونا ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، پاکستان کے لوگوں میں ایران کے ساتھ خاص وابستگی پائی جاتی ہے، پاکستان اور ایران کے دل ہمیشہ ایک ساتھ جڑے رہیں گے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا چاہتا تھا، کچھ وجوہات کی وجہ سے جلسے سے خطاب ممکن نہ ہو پایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، غزہ سے متعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں۔دریں اثنا گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ایرانی صدر سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں