صدر زرداری کا ایرانی صدرکی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر اظہار تعزیت

اسلام آباد:صدرمملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے ، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا۔پیر کوایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے ، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم پایا، آغا رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے ، صدر رئیسی کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے

اپنا تبصرہ بھیجیں