نواز شریف مسلم لیگ کے بلامقابلہ صدر منتخب

لاہور:پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کو مسلم لیگ کا بلامقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر رانا ثنا اللہ نے ان کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے نئے صدر کے انتخاب کے معاملے میں کاغذات نامزدگی کی موصولی اور جانچ پڑتال کا عمل ہوا میاں نواز شریف واحد امیدوار ہیں جن کے کاغذات موصول ہوئے اور منظور بھی ہوئے۔رانا ثنا اللہ نے نواز شریف کے صدر منتخب ہونے کی قرارداد پیش کی جسے جنرل کونسل اجلاس نے بھرپور تالیوں اور نعروں کی گونج میں منظور کرلیا اور نواز شریف پارٹی کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔اس موقع پر ن لیگ نے نواز شریف کی بطور وزیراعظم ایٹمی دھماکے کرنے کے اعلان کی پی ٹی وی پر نشر کی گئی ویڈیو بھی چلائی۔لیگی رہنما احسن اقبال نے اجلاس میں مختلف قراردادیں پیش کیں جنہیں کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ قراداد میں کہا گیا کہ ایک سازش کے تحت 2017ء میں نواز شریف سمیت ن لیگی قیادت کو پہلے اقتدار سے الگ کیا گیا پھر نواز شریف کو پارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیا، اس سازش کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لایا جائے، مرکزی مجلس عاملہ نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں