کراچی: صوبائی وزیر توانائی اور ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا جو خواب دیکھا میاں نواز شریف نے اس کی تکمیل کی،پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو اورمیاں نواز شریف کے اس کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میاں نواز شریف سمیت تمام ہیروز کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرتے ہیں، جوہری قوت کے تمام متعلقین کے اس کارنامے کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروفوں میں لکھا جائے گا۔ وزیر توانائی سندھ نے کہاکہ عالمی دبائو کے باوجود جوہری قوت کی بنیاد اور دھماکہ بالترتیب شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میاں نواز شریف کا جراتمندانہ اقدام تھا۔ ناصر شاہ نے مزید کہاکہ شہید بینظیر بھٹو نے نہایت جراتمندی کے ساتھ جوہری پروگرام کو جدت کے ساتھ آگے بڑھایا ۔صو بائی وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یوم تکبیر بہادری، غیرت اور عزم سے جینے کا دن ہے ،آج کے دن پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،28 مئی خطہ میں طاقت کے توازن کے ضامن کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن پاکستان نے دشمنوں پر اپنی ایٹمی طاقت کی دھاک بٹھائی،آج کا دن پاکستان مسلم ورلڈ کا پہلا اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا ،آج ہمارا ملک پاکستان ناقابل تسخیر ہے۔صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہاکہ پاکستان کا ایٹمی اثاثہ محفوظ و مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک و قوم اور جوہری اثاثوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت و طاقت رکھتی ہے۔