طالبان حکومت کو جلد ہی قبول کرلیں گے:روس

ماسکو:روس کی سلامتی کونسل کے نائب صدر دیمیتری میدویدیف نے کہا ہے کہ ہم طالبان سیمکمل تعلقات جلد ہی بحال کر لیں گے۔میدویدیف نے روسی خبر ایجنسی تاس سے گفتگو کے دوران روس کی جانب سے طالبان کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کے امکان کا جائزہ لیا۔میدویدیف نے کہا کہ 21 ویں صدی کے اوائل میں ہم طالبان کو دہشتگرد اور امریکیوں کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اتحادی سمجھ رہے تھے مگر اب صورتحال مختلف ہے،روس طالبان کے ساتھ مکمل تعلقات کی بحالی کے قریب ہے،ہم افغان انتظامیہ کے ساتھ تعمیری روابط میں ہیں، دیکھتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں کتنی سنجیدہ ہے۔روسی عدالت عالیہ نے سال 2003 میں طالبان کو دہشتگرد تنظیموں کی عالمی فہرست میں شامل کیا تھا۔صدر پوتین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زامر کابولوف ، روسی وزارت انصاف و خارجہ نے طالبان کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کروانے کے لیے ایک تجویز کریملن کو پیش کی ہے۔یاد رہے کہ وزیر خارجہ سرگی لاوروف نے بھی طالبان کو افغانستان کا حقیقی اقتدار قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں