ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائیٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مدارمیں بھیجا گیا۔ پانچ ٹن وزنی سیٹلائٹ جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہے۔اس سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستان کے طول و عرض میں تیز ترین انٹرنیٹ کہ سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سیٹلائٹ زمین سے 36000 کلومیٹر کی اونچائی پر مدار میں داخل کیا جائے گا۔
سیٹلائٹ کو زمین سے مدار تک پہچنے میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں۔ سیٹلائٹ ای کامرس اور ای گورننس کے علاوہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے PakSat MM1 کے زمین کے مدار میں بھیجے جانے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیٹلائیٹ کا چین کے Xichang Satellite Launch Centre سے خلا میں بھیجا جانا پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ نہ صرف پاکستان کے مواصلاتی نظام میں ایک نئی روح پھونکے گا بلکہ اس سے پورے ملک میں تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جاسکے گی، سیٹلائیٹ مواصلاتی نظام میں بہتری سے ای کامرس، اقتصادی سرگرمیوں اور ای گورننس میں بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔