اْمید ہے کہ 25 جون کو مخصوص نشستیں ہمیں مل جائیں گی، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آئین کی تشریح اس کی روح کے مطابق کرنا چاہتی ہے، ہمیں اْمید ہے کہ 25 جون کو ہمیں یہ مخصوص نشستیں مل جائیں گی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخصوص نشستیں ہمیں ملنی چاہئیں، ہماری مخصوص نشستیں کسی دوسری جماعت کو نہیں دی جاسکتیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کرا لیے ہیں، الیکشن کمیشن نے ہم سے تیسری مرتبہ انٹرا پارٹی الیکشن کروایا ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ بینچ کر رہا ہے۔۔۔کیس کا پسِ منظر۔۔6 مئی کو سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سنی اتحاد کونسل کے کوٹے کی مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔3 رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی معطلی صرف اضافی نشستوں کی حدتک قرار دی تھی۔جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیج دیا تھا۔سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔گزشتہ روز 13 رکنی فل کورٹ بینچ نے کیس کی پہلی سماعت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں