آپریشن عزم استحکام پر حکومت کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات کو مدنظر رکھتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومتی ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق وزیراعظم کی قازقستان سے وطن واپسی پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر غور کیا جارہا ہے، جس میں شہباز شریف تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔
واضح رہے کہ آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں نے مطالبہ کیا تھاکہ اس کے خدوخال کو واضح کیا جائے اور تمام جماعتوں کو اعتماد میں بھی لیا جائے۔ اس کے علاوہ جمعیت علما اسلام نے بھی آپریشن کی مخالفت کی ہے۔
وزیر اعظم کی وطن واپسی کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ اور وقت کا تعین کیا جائے گا جبکہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اے پی سی آئندہ ہفتے ہوسکتی ہے۔حکومت کی اتحادی جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کو ملک کی ضرورت اور اس کو فوری شروع کرنے پر اتفاق بھی کیا تاہم بلاول بھٹو کا گزشتہ دنوں کہنا تھا کہ اس معاملے پر پھر بھی وفاقی حکومت کو تمام جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا چاہیے تاکہ ایک مربوط حکمت عملی کے ساتھ ملک کو آگے بڑھایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں