طوفان کے پیش نظر ٹھٹھہ،سجاول اور بدین سے 64 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے سمندری طوفان کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے سے متعلق رپورٹ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق کیٹی بندر کی 13 ہزار آبادی محفوظ مقام پر منتقل ہو چکی ہے،گھوڑا باری میں انتظامیہ نے 3500 افراد کو منتقل کیا جبکہ 1500 لوگ رضاکارانہ طور پر منتقل ہوئے۔
شاہ بندر کی 9 ہزار آبادی میں سے 830 افراد کو انتظامیہ نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جاتی کے 8 ہزار لوگوں میں سے 1727 افراد کو انتظامیہ اور 3 ہزار لوگ رضاکارانہ طور پر منتقل ہو چکے ہیں۔ کھارو چھان کی 7 ہزار آبادی میں سے 2 ہزار افراد رضاکارانہ طور پر جبکہ انتظامیہ نے 3 ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر بھیجا۔رپورٹ کے مطابق بدین کے 8 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقام پر منتقل ہو چکے ہیں،جبکہ شہید فاضل کے 19 ہزار افراد کو رضاکارانہ اور انتطامیہ کے ذریعے محفوط مقام پر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب طوفان بپر جوائے کے پیش نظر حکام نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے دوران موبائل نیٹ ورک متاثر ہو سکتا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان 15 جون کی دوپہر کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان 150 کلومیٹر کی رینج میں ٹکرائے گا۔ کیٹی بندر کو خالی کروا لیا گیا ہے جہاں طوفان کل ٹکرائے گا۔ محکمہ صحت سندھ نے ایک بیان میں کہا کہ بارش کے دوران موبائل نیٹ ورک بند ہونے کا خطرہ ہے،نکاسی آب کے نظام کی خراب صورتحال کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو سکتا ہے اور بارش کے پانی کی وجہ سے سڑکوں کے بلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ لوگوں کو کھمبوں اور بجلی کی تاروں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔