مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کیمپ جیل لاہور میں پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سے چند روز کے دوران دوسری ملاقات کی ہے۔رپورٹ کے مطابق چوہدری شجاعت نے کیمپ جیل لاہور میں چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کی جس دوران چوہدری سالک اور چوہدری وجاہت بھی ان کے ہمراہ تھے۔چوہدری شجاعت سے ملاقات سے پہلے پرویز الہی کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ بھی کیمپ جیل آیا اور ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
چوہدری شجاعت حسین کی چوہری پرویز الہی سے ملاقات ایک اعلی شخصیت کی موجودگی میں ہوئی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں چوہدری شجاعت نے پرویز الہی سے ایک بار پھر کہا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوبارہ اپنی پرانی جماعت میں آ جائیں تاہم چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ وہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے۔
پرویز الٰہی نے کہا جو تکلیفیں میں نے برداشت کرنی تھی وہ تو کر لی ہیں اب چوہدری مونس الہی میری سیاست کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قابل قبول ہوگا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعلی پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہی زندگی میں پہلی بار عید اپنے گھر والوں کے بجائے جیل میں قید قیدیوں کے ساتھ منائی، ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرکے ان کا 14 روزہ ریمانڈ مانگا تھا مگر عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو جیل بھجوا دیا۔چوہدری پرویز الہی اس سے قبل بھی اینٹی کرپشن کی طرف سے درج مقدمے میں جیل میں ہی قید تھے، ضمانت ملنے کے بعد رہائی ہوتے ہی جیل کے اندر چوہدری پرویز الٰہی کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔