خرطوم:سوڈان میں فوج اور منحرف سریع الحرکت فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت خرطوم بحری عسکری کے علاقے میں آرایس ایف کا ایک ڈرون مار گرایا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب دارالحکومت خرطوم میں نسبتا حالات پرسکون رہے تاہم تازہ جھڑپیں شروع ہوگئیں،جھڑپوں کے بعد خرطوم کے مغرب میں واقع امدرمان میں نسبتا سکون ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سوڈانی فوج ام درمان میں کومبنگ آپریشن کر رہی ہے اور ہفتے کی شام کو محدود جھڑپوں کے بعد کچھ محلوں میں گھسنے والے ریپڈ سپورٹ فورسز کے سنائپرز کو گرفتار کر رہی ہے۔
دوسری طرف سریع الحرکت فورسز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے خرطوم شمالی حصے میں ایک جنگی طیارے کو مار گرایا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپریل 2023 کے وسط میں سوڈان کی دو بڑی فوجی قوتوں کے درمیان پرتشدد لڑائی شروع ہونے کے بعد سے سوڈان ایک بڑے انسانی بحران کی کھائی میں گرتا جا رہا ہے۔ فوج دھڑوں کے درمیان خانہ جنگی سے نقل و حمل اور طبی سامان کی آمد وترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔ لڑائی میں سیکڑوں افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔