اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکاکے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔ بد ھ کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کیدرمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سرمایہ کاری ، تجارتی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر امریکا کے پاکستان کے ساتھ مضبوط تاریخی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ عملے کی سطح کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور معیشت کو استحکام سے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور ترجیحات کے بارے میں تفصیلات پر روشنی ڈالی۔
امریکی سفیر نے ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکا کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے حکومت کی امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزیدمضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں