مظفرگڑھ(غلام سجاد)مظفرگڑھ 8 سے 10جولائی کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ سیلاب کاخطرہ ، ڈپٹی کمشنر سلمان لودھی نے کہاضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ڈی پی او سید حسنین حیدر کے ہمراہ دریائے چناب اور اس کے ملحقہ حفاظتی بندوں کو معائنہ کر چکے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حساس مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے، دریائی علاقوں سے ملحقہ آبادیوں کے انخلاء، ریلیف کیمپوں کی قیام اور سہولیات کی فراہمی کیلئے سروے بھی مکمل ہوچکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب سے ملحقہ آبادی کے نزدیک ترین سرکاری سکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کئے جائیں گے جہاں محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، محکمہ سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ زراعت، محکمہ لائیو سٹاک سمیت متعلقہ میونسپل کمیٹی اور کارپوریش کا عملہ بھی موجود ہوگا۔ ضرورت کے مطابق متاثرین کیلئے قیام و طعام کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ڈی ایم اے کے افسران کو ہدایت کی کہ ویئر ہاؤس میں موجود سامان اور مشینری کو فعال رکھا جائے اور اس کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں بالخصوص مظفرگڑھ تحصیل میں دریائے چناب سے ملحقہ آبادیوں کو دورہ کریں، لوگوں کو آگاہی دیں،
آموں کے باغات کے مالکان کو آگاہ کریں گے آئندہ دنوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جس کے پیش نظر باغات سے آم کی فصل فوری طورپر اتار لیں تاکہ نقصان سے بچا جاسکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد، پی ڈی ایم اے سے عرفان سیال، ڈی او ریسکیو1122 میاں حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق، ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت حبیب الرحمن، محکمہ تعلیم سے نصراللہ سہرانی، ایکسین آبپاشی محسن الحسن سمیت متعلقہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ تحصیل علی پور، تحصیل جتوئی اور تحصیل کوٹ ادو کے اسسٹنٹ کمشنران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی