مکہ مکرمہ، سنگین جرائم میں ملوث دہشت گرد کا سر قلم کردیا گیا

ریاض:سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائی کے مرتکب ایک مجرم کا سر قلم کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مجرم صالح بن سعید بن علی الربی تکفیری نظریات کا حامل تھا۔ اس کا تعلق دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رہا اور وہ ان کے لیے فنڈز ریزنگ بھی کرتا رہا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ مجرم نے اس کے ارتکاب سے پہلے الودیعہ کراسنگ اور شرورہ میں جنرل انویسٹی گیشن بلڈنگ پرکیے گئے دہشت گردانہ حملے اور اس میں شریک افراد کے بارے میں اس کی معلومات کو چھپا لیا۔ ملزم دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے یمن میں گیا اور وہاں اس نے اسلحہ چلانے کی تربیت بھی حاصل کی۔پولیس نے ملزم کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے شبے میں گرفتار کرکے اس سے تفتیش کی۔ ملزم پر دہشت گردی کے واقعات کے ثبوت کے بعد اس کے خلاف مقدمہ چلایا گیا اور اسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں