لاہور:مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چودھری شافع حسین نے کہا کہ ہم نے نگران وزیراعظم کیلئے کوئی نام نہیں دیا ہم سے ابھی کوئی نام نہیں مانگا گیا نہ ہی ابھی تک مشاورت ہوئی ہے، آگے جاکر استحکام پاکستان پارٹی سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے،گجرات میں (ق)لیگ کے علاوہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ہے، پی ٹی آئی سٹی یوتھ ونگ کا گجرات کا صدر (ق)لیگ میں شمولیت اختیار کر رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سیاست اپنی اپنی ، یہ مونس الٰہی کا اپنا فیصلہ تھا، پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کے معاملات بہتر ہو گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن)کے ساتھ 15 سے 20 سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے، شہباز شریف سے ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ اٹھایا تھا، وزیر اعظم نے رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا کہا، گجرات سے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑوں گا۔شافع حسین نے کہا کہ گجرات سے چودھری شجاعت حسین والی اور چکوال کی سیٹ سے سالک حسین الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی کے لوگ ہمیں جوائن کر رہے ہیں، آئندہ ملاقات میں چودھری شجاعت حسین کے ساتھ میں بھی پرویز الٰہی سے ملاقات کے لئے جیل جائوں گا۔انہوں نے کہا کہ شجاعت حسین کی خواہش ہے کہ پرویز الٰہی جیل سے باہر آجائیں، مقدمات میں انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے ، میرٹ پر مقدمات ہونے چاہئیں۔شافع حسین نے کہا کہ چودھری سالک اور میری رائے ہے کہ اگر مونس الٰہی نے پی ٹی آئی چھوڑنی ہے تو اپنی جماعت بنالیں، ہم سیاسی طور پر مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی دونوں کے ساتھ مل کر چلیں گے۔