اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے اکانٹ جمع کروادیے۔ویڈیو کانفرنس میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ ماضی قریب میں یو اے ای نے ایک ارب ڈالرز قرض دینے کا اعلان کیا تھا، جس کی یقین دہانی وزیراعظم کے دورہ یو اے ای میں حکام نے کی تھی جبکہ چند روز قبل حکام نے آرمی چیف سے بھی یقین دہانی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور پاکستان کے عوام کی طرف سے یو اے ای قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کی پوزیشن بہتری کی طرف جارہی ہے، گزشتہ روز دو ارب ڈالرز سعودی عرب سے آئے تھے، یوں دو دن میں زرمبادلہ کے ذخائر تین ارب ڈالرز بڑھ گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ چودہ جولائی کو زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جائے گی۔ ہم چودہ پندرہ ارب ڈالر کے درمیان زرمبادلہ کے ذخائر لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپریل بائیس میں جب سے حکومت سنبھالی ایک منٹ بھی ادائیگیاں تاخیر سے نہیں کی گئیں جبکہ ڈیفالٹ کی افواہیں قدرتی موت مر گئیں، اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہے، ہر دن پاکستان کیلیے بہتر ہوگا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا، پاکستان قائد اعظم کے خواب کی طرح دنیا میں اپنا کھوایا ہوا وہ مقام حاصل کرے گا۔