بہاول پور (نامہ نگار)کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے ہیڈ سلیمانکی کا دورہ ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے بروئے کار لائے گئے انتظامات بارے بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ دریائی بیٹ میں مقیم آبادی کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اوردریا کے نزدیکی علاقہ جات میں فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ صحت کے زیر انتظام میڈیکل کیمپ میں ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔نیز محکمہ آب پاشی ہر گھنٹے بعد ممکنہ سیلابی صورتحال بارے باخبر کرے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس سمیت تمام محکمہ جات باہمی ربط اور پاک آرمی کی مدد سے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے انتظامیہ فعال کردار ادا کرے اوردریائی علاقوں سے آبادکاروں اور مال مویشیوں کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کے عمل کو مکمل کر لیا جائے۔ کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انورنے ممکنہ سیلابی صورتحال کے مطابق بروئے کار لائے گئے انتظامات کوتسلی بخش قرار دیا۔