نئے بانڈز کے اجرا کے ذریعے 1.6 ٹریلین روپے کی بچتیں

اسلام آباد:سنٹرل ڈائریکٹؤریٹ آف نیشنل سیونگز نے گزشتہ مالی سال کے دوران نئے بانڈز کے اجرا کے ذریعے 1.6 ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں جو مقرر کر دہ ہدف سے زیادہ ہے۔سی ڈی این ایس کے ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے بچتوں کے حصول کے لئے نئے بانڈز کے ذریعے 1.4 ٹریلین روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جو کہ 1.6 ٹریلین روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق بچتوں کے ہدف پر نظر ثانی کی گئی تھی۔عہدیدار نے بتایا کہ مالی سال 2022 میں سی ڈی این ایس نے نئے بانڈز کے اجرا کے ذریعے 1250 ارب رو پے سے زائد کی بچتیں حاصل کی تھیں۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسلامی سرمایہ کاری کے ذریعے سی ڈی این ایس نے 70 ارب روپے کی بچتوں کاہدف مقرر کیا تھا جو حاصل کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلامی سرمایہ کاری کے ذریعے سی ڈی این ایس اور سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان کے درمیان معاہدہ بھی طے پا گیا ہے جس سے ملک میں اسلامی مالیات کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ادارے میں آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے بھی بھرپور انداز میں کام جاری ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں