محرم الحرام میں جلوس روٹس صاف روشنی کاانتظام بہتر سکیورٹی سخت کرنکا حکم

بہاول پور (نامہ نگار)محرم الحرام میں جلوس روٹس صاف روشنی کاانتظام بہتر سکیورٹی سخت کرنکا حکم ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کور مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے حوالہ سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی فضل الرحمن، اسسٹنٹ کمشنر صدر مجاہد عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھر،چیف آفیسر ضلع کونسل نصر اللہ ملک، میونسپل کارپوریشن، سوئی گیس، میپکو، پی ٹی سی ایل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، صدر انجمن تاجران چوہدری عبد العلیم، احسان اللہ راحت، علامہ عبد الرزاق شائق، دیگر ممبران اور ویڈیو لنک کے ذریعہ اسسٹنٹ کمشنر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے محرم الحرام میں امن وامان کے قیام اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محرم جلوس روٹس کی مرمت، بحالی اور محرم روٹس اور مجالس مقامات کی صفائی ستھرائی کے کام بہتر انداز میں کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ محرم جلوس کے موقع پر متعلقہ محکموں کا سٹاف موجود رہے۔انہوں نے کہا کہ محرم جلوس کے لئے لائٹنگ کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور محرم روٹس میں جھولتی ہوئی بجلی، ٹیلی فون اور کیبل نیٹ ورک کی تاریں درست کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل سطح پر قائم کئے گئے کنٹرول روم میں متعلقہ محکموں کے سٹاف کی موجودگی کویقینی بنایا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی نے بریفنگ میں بتایا کہ محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں 575مجالس منعقد ہوں گی اور 250محرم جلوس برآمد ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ محرم جلوس کے موقع پر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ رضاکارخدمات سرانجام دیں گے۔ اسی طرح ریسکیو 1122کے 512ریسکیورز خدمات سرانجام دیں گے۔نیز 31ایمبولینس، 50موٹر بائیک ایمبولینس، فائر ٹینڈز اور ریسکیو وہیکلز موجود ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے ایام میں ضلع کی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جن کے فوکل پرسن سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر محمد عظیم ذیشان ہیں جن کا فون نمبر 062-9250304جبکہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا فون نمبر 062-9250508ہے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے ایام میں سیکورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قافلہ سفیران امن کے ارکان نے ضلع کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں جا کر امن، اتحاد، بھائی چارہ اور یگانگت کا پیغام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں