محرم الحرام کے دوران پاکستان بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا،صوبوں کی درخواست پر فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
جبکہ پنجاب بھر میں یکم سے 12 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے،دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفیکشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام تک ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے صوبے میں نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا،فیصلے کے تحت یکم محرم الحرام بروز جمعرات کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں