سی پیک پاکستان اور خطے کی ترقی میں کردار ادا کریگا:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد :وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور خطے کی ترقی میں کردار ادا کرے گا، دوسرے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز قائم ہوں گے،سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی گئی،پاکستان اور چین فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سی پیک کے 10سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی آزادی کے ساتھ ہی چین اور پاکستان دونوں ممالک کی دوستی کا آغاز ہوا، آج دونوں ممالک کیلئے ایک یاد گار دن ہے، چین نے ترقی کا سفر ہمت اور لگن سے طے کیا۔
چین نے گزشتہ چار ماہ میں پاکستان کی بہت مدد کی، قرضے رول اوور کرنے پر چینی عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سانحہ باجوڑ کے باعث سی پیک کی تقریبات کو سادگی سے منا رہے ہیں، دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاک چین دوستی میں اہم کردار ادا کیا، اپریل 2015میں چینی صدر نے پاکستان کا دورہ کیا،چینی صدر نے دورہ پاکستان کے موقع پر سی پیک کا تحفہ دیا،2015میں چینی صدر اور وزیراعظم نوازشریف نے سی پیک منصوبے پر دستخط کئے تھے، لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملے، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائدکی سرمایہ کاری کی گئی، سی پیک کے بہت سے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کیا گیا، چند منصوبوں پر ابھی بھی کام جاری ہے، جو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا،توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، سی پیک کے دوسرے مرحلے سے پاکستان میں خوشحالی کا دور آئے گا، سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان سمیت خطے کی ترقی میں کردار ادا کرے گا، چین اور پاکستان مل کر سی پیک کے ذریعے فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں، گوادر چند سال قبل چھوٹا سا گاں تھا، اب ایک روشن مستقبل والا شہر بن چکا ہے۔
اس سے قبل چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ نے اسلام آباد میں سی پیک کے 10سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریب میں شرکت کرکے خوشی ہوئی، پاکستان چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، دونوں ممالک میں تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں، سی پیک دونوں ممالک کے درمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے، سی پیک نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو ایک نئی جلابخشی ہے،سی پیک سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا، سی پیک کے ذریعے ارب ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ،سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے، سی پیک کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، انڈسٹری کلچراور صحت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے، توانائی، زراعت، ریلوے آئی ٹی سمیت مختلف منصوبے شروع کئے، پاکستان میں صنعتی ترقی کے دور کا آغاز ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں