جدہ( محمد شباب بھٹہ)اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فاروق چوہدری نے فیملی کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔عمرہ ادائیگی کے بعد جدہ کے صحافیوں نے ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد جن میں پاک اوورسیز میڈیا فورم کے صدر شعیب الطاف راجہ، چوہدری خالد نوازچیمہ، عمر فاروق،میاں محی الدین،ساجد یامین، مرزا مدثر، احمد فواد خان سواتی، چوہدری محمد اقبال، چوہدری عثمان سعید،عبدالباسط و دیگر نے شرکت کی ۔اس دوران فاروق چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا منشیات پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 15 سے 65 سال عمر کے تقریبا 35 کروڑ افراد منشیات کے عادی ہیں جبکہ پاکستان میں 80 لاکھ سے زائد افراد نشے کے عادی ہیں۔منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔سماجی و رفاعی تنظیموں، ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد اور ڈاکٹرز و طبی امور سے وابستہ افراد کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ معاشرے سے منشیات کی لعنت سے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا، میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اپنے گھر بلایا۔ یہ ایک بہت ہی خوبصورت کیفیت تھی میں نے خود کو اللہ تعالیٰ کے قریب محسوس کیا اور میں آپ تمام بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ پردیس میں مصروفیت کے باوجود تشریف لائے میں آپ کی محبت کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔