توشہ خانہ کیس :سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم

اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت ہونے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے فیصلہ جاری کیا۔ توشہ خانہ کیس سے متعلق عمران خان کی 5 درخواستوں پر فیصلہ سنایا گیا،عدالت نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا۔ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سیشن کورٹ کیس قابل سماعت ہونے کا معاملہ دوبارہ سن کر فیصلہ کرے،ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور ہی توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کر دی،عدالت نے گواہوں کی فہرست مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کیا۔جبکہ حق دفاع ختم کرنے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین سے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ کے جج کی فیس بک پوسٹ سے متعلق ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔ توشہ خانہ ٹرائل رکوانے کی درخواست پر عمران خان کو ریلیف نہ ملا،عدالت نے ٹرائل سے متعلق حکم امتناع کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوط کیا تھا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی۔سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان نے کیس منتقلی کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں