کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد

چکوال( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے یوم استحصال کشمیر کو بھر پور انداز میں منانے کے لئے موصولہ گائیڈ لائنز کے تحت ضلعی و تحصیل سطح پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اداروں میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر نواب خان کے زیرِ نگرانی یکجہتی ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ۔ اس ضمن میں ضلعی سطع پر یومِ استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چکوال میں کیا گیا جس کی قیادت کالج کی پرنسپل پروفیسر مہناز اختر نے کی ریلی میں کالج کی اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل اور اساتذہ نے کہا کہ سفاک بھارت کے زیر تسلط نہتے کشمیری عوام بہت جلد آزادی کی عظیم نعمت سے سرفراز ہونگے جو بے پناہ عزم و ہمت اور جذبہ حریت سے سرشار ہیں اور آزادی کے لئے طویل عرصے سے اپنے خون کی قربانیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا بنیادی مقصد کشمیری مسلمانوں کی تحریک آزادی کی حمایت کے لئے پاکستانی قوم کے پختہ عزم کی تجدید کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسی تقاریب کا انعقاد اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل کشمیری مسلمانوں کی تحریک آزادی سے روشناس ہو کر یہ جان سکے کہ بھارت کے بد ترین مظالم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت اور پائے استقلال میں تزلزل نہیں آیا ۔ مقررین نے کشمیری عوام کے بے پناہ جذبہ آزادی اور شہدائے تحریک آزادی کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنی آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے ۔ اس موقع پر ریلی کی شرکاء خواتین نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادی کشمیر کے لئے دعا بھی کی ۔ درایں اثناء ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر نواب خان نے ضلعی و تحصیل سطح پر ہائیر ایجوکیشن کے اداروں میں یومِ استحصال کشمیر بھر پور انداز میں منانے پر متعلقہ سربراہان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں