اسلام آباد :سابق سفیر جلیل عباس جیلانی نگران وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔ نگران وزیراعظم کے امیدوار جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاس پہنچ گئے۔جلیل عباس جیلانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کے مابین بھی نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے آج ملاقات ہونے کا امکان ہے۔اس سے قبل نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے کئی نام سامنے آئے جن میں نہ صرف سابق بیوروکریٹ اور ماہر معیشت تھے بلکہ سیاستدان بھی شامل تھے۔ جلیل عباسی جیلانی سے قبل حفیظ شیخ کا نام نگران وزیراعظم کے عہدے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی نگران وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں شامل تھے۔بیرون ملک مقیم ڈاکٹر حفیظ شیخ پاکستان پہنچے۔
سابق وزیر خزانہ 2 دن قبل کراچی پہنچے، انہوں نے پاکستان پہنچنے کے بعد ملاقاتوں کا آغاز کر دیا۔ دوسری جانب قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دی گئی،سمری وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھیجیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا ہے،جبکہ اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج ہماری حکومتی مدت ختم ہو جائے گی،اقتدار نگران حکومت کے حوالے کردیں گے۔ حکومت اور اداروں نے مل کر ترقی کا جامع نظام وضع کر دیا ہے،جلد پاکستان قرضوں سے جان چھڑا کر قدموں پر کھڑا ہو گا،ورنہ یقین کریں تمام باتیں بھلا دی جائیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کے نظام پر متفق ہونا ہو گا۔