ساہیوال (بیورو رپورٹ) چئیر پرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن مسٹر ناظر خان نیازی نے ٹیکنیکل تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم ہی ملک و قوم کی ترقی کی باعث بنتی ہے لہٰذا طالبات کو چاہئے کہ وہ فنی تعلیم کی طرف زیادہ توجہ مرکوز کریں کیونکہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اگر کسی کو سرکاری ملازمت نہ بھی ملے تو وہ ہنرمند ہونے کے باعث اچھے اور باعزت طریقہ سے روزگار حاصل کرکے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی بہترین انداز میں کفالت کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی فار وومن میں سکلڈ ثمر کیمپ2023 کلاسز کا معائینہ کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر پر نسپل ادارہ میڈم ساجدہ نورین بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے بغیر نہ ملک اقتصادی ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے۔ دنیا بھر میں نوجوانوں کو فنی تعلیم فراہم کرنے سے ہی ترقی ممکن ہوئی اور پاکستان کو بھی اسی ماڈل کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ و طالبات کی رہنمائی کریں اور اپنی پسند کے مطابق ٹریڈ اپنانے میں مدد کریں۔اس مو قع پر انہوں نے پر نسپل ادارہ میڈم ساجدہ نورین کے ہمراہ تمام کلاسز کا معائینہ کیا اور بچیوں کی کار کردگی کو سراہا۔