نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی تشکیل کا آغاز

اسلام آباد:الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز (آج) پیر سے ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹیل مردم شماری 2023کے اعدادوشمار کی منظوری کے بعد ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ملک کے تمام انتظامی یونٹس کی حدود کو منجمد کردیا گیا ہے۔نئی حلقہ بندیوں کیلئے انتظامی انتظامات 22 سے 31 اگست تک مکمل کئے جائیں گے۔ ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی ٹریننگ یکم سے 4 ستمبر تک ہوگی۔ ان کمیٹیوں کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے ضلعی کوٹے کی تفصیلات 5 سے 7 ستمبر تک مہیا کی جائیں گی جبکہ ان کمیٹیوں کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی تکمیل 7 اکتوبر تک ہوگی۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست ان کمیٹیوں کی جانب سے 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جن پر اعتراضات 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک جبکہ ان اعتراضات کو 10 نومبر سے 9 دسمبر تک نمٹایا جائے گا۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14 دسمبر کو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں