شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی/رانا عثمان خاں)اسلام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے- ان خیالات کا اظہار خطیب مرکزی جامع مسجد اوقاف شیخوپورہ ڈاکٹر محمد عثمان مقبول نے دوران خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جیسے مسلمان کی عزت و آبرو کی تذلیل حرام ہے ویسے ہی غیر مسلم شہری کی عزت کو پامال کرنا بھی جائز نہیں ہے، کسی مسلمان کو اجاز ت نہیں کہ وہ کسی غیر مسلم شہری کو گالی دے یا اس پر الزام لگائے ،اس کی طرف جھوٹی بات منسوب کرے یا اس کی غیبت کرے اسلام کسی مسلمان کو اس امر کی بھی اجازت نہیں دیتا کہ وہ کسی غیر مسلم شہری کے ایسے عیب کا تذکرہ کرے جس کا تعلق اس کی ذات ،اس کے حسب و نسب یا اس کے جسمانی و اخلاقی عیب سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم شہری کو زبان یا ہاتھ پاﺅں سے تکلیف پہنچانا، اس کو گالی دینا ،مارنا ،پیٹنا یا اس کی غیبت کرنا اسی طرح ناجائز اور حرام ہے جس طرح مسلمان کے حق میں ناجائز اور حرام ہے، اسلامی قوانین کے مطابق ریاست کے فرائض میں سے ہے کہ وہ تمام غیر مسلم شہریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرے ۔کوئی بھی فرد خواہ کسی قوم، مذہب یا ریاست سے تعلق رکھتا ہو اگر وہ کسی غیر مسلم شہری پر جارحیت کرے اور اس پر ظلم و تعدی کا مرتکب ہو تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلا امتیازِ مذہب اپنے شہری کو تحفظ فراہم کرے