شورکوٹ (تحصیل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرشورکوٹ نیاز احمد مغل نے سپیشل ایجوکیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اساتذہ اور سٹاف کی حاضری سمیت سکول کے انتظامی امور کو چیک کیااور صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کئے۔اس موقع پر انہوںنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اورخصوصی افراد کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کا فعال اور مفید شہری بنانا انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ سپیشل ایجوکیشن سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور سپیشل ایجوکیشن سکولوں کے معائنہ جات کا مقصد ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ڈے کیئر سنٹر کو فعال بنانے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے جبکہ بجلی کے مسائل سمیت الیکٹرک واٹر کولر کی فراہمی کوبھی یقینی بنایا جائے گا، سکول کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے مڈل سے میٹرک تک آگے بڑھایا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنرشورکوٹ نیاز احمد مغل نے کلاس رومز میں تدریسی عمل کا بھی جائزہ لیااور بچوں کی قابلیت کو سراہا۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنرشورکوٹ نیاز احمد مغل نے ڈی ڈی او ہیلتھ کے ہمراہ فیلڈ کا دورہ کیا اورگھر گھر جاکر انسداد ڈینگی مہم کے حوالہ سے اقدامات بارے ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا۔