اسلام آباد:نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بٹگرام چئیرلفٹ میں پھنسے بچوں نے جب دور سے فوجیوں کو دیکھا تو کہا کہ اب ہم بچ جائیں گے۔بٹگرام چئیرلفٹ ریسکیو آپریشن کے رضا کاروں کے اعزاز میں وزیر اعظم آفس میں تقریب ہوئی جس میں انوار الحق کاکڑ نے 8 افراد کی زندگیاں بچانے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ایس ایس جی کمانڈوز اور رضا کاروں کو تعریفی اسناد دیں جبکہ ریسکیو کیے گئے بچوں اور مقامی شخص کو بھی انعامات دیے۔تقریب سے خطاب میں نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ بٹگرام واقعے کی اطلاع جب پہنچی تو ہر پاکستانی پریشان تھا کیونکہ یہ بچے ہی ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، میں نے اور آپ نے اپنا وقت گزار کر چلے جانا ہے، ہم نے اپنے مستقبل کو بچایا ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بار بار اپنے بیٹے کا چہرہ میرے ذہن میں آ رہا تھا، خیالات آ رہے تھے کہ اگر میرا بیٹا چیئرلفٹ میں ہوتا تو کیا ہوتا، ریسکیو آپریشن میں کامیابی پر آپ سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خطے سمیت ملک سے باہر بھی لوگ پریشان تھے، دنیا کی نظریں تھیں کہ ہم اس چیلنج سے کیسے نمبرد آزما ہوں گے؟ جب مجھے بریف کیا گیا تو کچھ حوصلہ ملا، چیئرلفٹ میں موجود بچے میرے لیے ہیروز ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اتنی صفائی سے آپ لوگوں نے ریسکیو پلان کیا اور سب کو بحفاظت نکالا گیا، ہم تو باہر بیٹھے تماش بین تھے اصل میں ان بچوں پر کیا گزر رہی ہوگی، بچوں نے کہا دور سے فوجیوں کو دیکھا تو کہا اب ہم بچ جائیں گے۔