لاہور:نامور اداکارہ اور ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ جب وہ صرف 15 سال کی تھیں تو اپنی بہن کے فیش شوٹ پر ان کے ساتھ گئیں اور وہیں پر انہیں ماڈلنگ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔آمنہ الیاس نے حال ہی میں سما ٹی وی کے مزاحیہ شو حد کردی میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے ابتدائی کریئر، اداکارہ میرا کے ساتھ تعلقات اور دلچسپ واقعات کا تذکرہ کیا۔پروگرام کے شروع میں میزبان کے سوال پر ماڈل آمنہ الیاس نے بتایا کہ جب وہ 15 سال کی تھیں تو اپنی بہن عظمیٰ الیاس کے ساتھ ایک فیشن شوٹ میں ان کے ساتھ گئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنی بہن کے ساتھ فیشن شوٹ میں گئی تھی، رنگت میں سانولی اور جسامت میں بہت پتلی تھی، فراک پہنا ہوا تھا، بہن کی شوٹنگ کے دوران میں سیٹ پر تھی اور بہت شرمیلی تھی۔’انہوں نے بتایا کہ ‘سیٹ پر موجود نامور فوٹوگرافر اور میک اپ آرٹسٹ عاکف الیاس نے مجھے دیکھا اور انہوں نے میری کچھ تصاویر بنائیں جو بہت خوبصورت آئی تھیں۔’آمنہ الیاس نے بتایا کہ انہوں نے وہ تصاویر اپنی والدہ کے ساتھ شیئر کیں اور انہی کی رضامندی سے بطور ماڈلنگ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔ان کا کہنا تھا کہ بطور ماڈل انہوں کا پہلا شوٹ نامور میگزین ‘شی’ کے لیے تھا۔نامور ماڈل نے فلم اسٹار میرا کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بتایا کہ میرا جی کے ساتھ ان کا بہت اچھا تعلق ہے، ان کی جہاں میرا جی سے دوستی ہے وہیں بہت زیادہ لڑائیاں بھی ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی میرا جی سے سیٹ پر بہت لڑائیاں ہوئی ہیں، مثال کے طور پر کبھی اسکرپٹ اور کبھی کپڑوں پر بحث ہوجاتی تھی لیکن آخر میں وہ صلح کرلیتی تھیں
