الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئےغیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:عام انتخابات،الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن میں غیر ملکی میڈیا اور مبصرین کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق بنایا جا چکا ہے،انتخابی شیڈول جاری ہونے کے ساتھ ہی غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامے بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کیلئے خصوصی سکیورٹی فیچرز والے کارڈز بھی تیار کئے جا چکے ہیں،مبصرین کو پولنگ اسٹیشن کے اندر تک رسائی دی جائے گی۔ غیر ملکی مبصرین ووٹوں کی گنتی کا شفاف عمل اور نتائج کی تیاری کا جائزہ بھی لے سکیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں عام انتخابات کا شیڈول تیار کر لیا۔ 27 سے 30 جنوری 2024 کے درمیان کی تاریخ الیکشن کے لیے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی،جبکہ 28 جنوری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کروائے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کا دورانیہ بھی کم کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کی جائے گی،جتنی جلد ممکن ہو سکا حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی۔ حلقہ بندیوں کی تاریخ مدِ نظر رکھ کر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو گا،حلقہ بندیاں کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جلد الیکشن کا انعقاد ممکن بنانا ہے۔
جبکہ اعلی عدلیہ نے عدلیہ سے براہ راست ریٹرننگ افسران دینے سے معذرت کر لی ہے، الیکشن کمیشن کو رجسٹرار ہائیکورٹس کے جوابات موصول ہو گئے۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے بھی آر اوز دینے سے معذرت کر لی،جبکہ رجسٹرار پشاور ہائیکورت نے جوڈیشل پالیسی میں آر اوز عدلیہ سے نہ دینے سے متعلق آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں