نیویارک:بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سابالینکا اور امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورمیگا ایونٹ کی سکستھ سیڈڈ کوکوگف اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا اور میزبان ٹینس سٹار میڈیسن کیز خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک کے یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹرمیں جاری ہیں۔ویمنز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں بیلاروس کی نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کی سیکنڈ سیڈڈ آریانا سابالینکانے سخت مقابلے کے بعد میزبان حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کو 6ـ0، 6ـ7(1ـ7) اور 6ـ7(5ـ10) سے ہرا کر یو ایس اوپن ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ایک اور میچ میں امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورمیگا ایونٹ کی سکستھ سیڈڈ کوکوگف نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی کیرولینا موچووا کو سٹریٹ سیٹس میں 4ـ6 اور 5ـ7 سے ہرا کر نہ صرف فائنل کے لئے کوالیفائی کیا بلکہ پہلی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل کیا اور کو کو گف 1999 میں اپنی آئیڈیل سرینا ولیمز کے بعد یو ایس اوپن کے فائنل میں پہنچنے والی سب سے کم عمر امریکی خاتون کھلاڑی ہیں۔