نیویارک:سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت چوتھی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔36 سالہ سربین سٹار نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں حریف روسی ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدوف کو شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی نوویک جوکووچ نے آسٹریلین ٹینس سٹار مارگریٹ کورٹ کے 24 سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹلز کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری رہا۔مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی حریف ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدوف کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر چوتھی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس کا سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا اور یوں ان کے سنگلز ٹائٹل کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔اس فتح سے ساتھ ہی نوویک جوکووچ نے آسٹریلوی ٹینس سٹار مارگریٹ کورٹ کے 24 سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹل کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، یوں وہ ایک سیزن میں 4 بار تین گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والے پہلے مرد کھلاڑی بن گئے۔واضح رہے کہ 2021 کے یو ایس اوپن ٹینس میں روس کے ڈینیئل مدویدوف نے سربیا کے نوویک جوکووچ کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔نوویک جوکووچ کی فتح کا سکور 3ـ6، 6ـ7(5ـ7) اور 3ـ6 رہا۔اس کے علاوہ جوکووچ اس فتح کے بعد نیو یارک میں مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے سب سے زیادہ عمر کے مردوں کے چیمپئن بن گئے ہیں۔