سڈنی:کرکٹ آسٹریلیا نے فاسٹ اور میڈیم فاسٹ بولرز کے سامنے بلیباز کیلئے ہیلمٹ پر گردن کیلئے لگنے والے پروٹیکٹر (گارڈ) پہننا لازمی قرار دیدیا۔رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ پروٹیکٹر والے ہیلمٹ انہیں پہننے کے خواہشمند نہیں ہیں لیکن اب یکم اکتوبر سے ایسا کرنا لازمی ہوگا۔کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر 2014 میں فلپ ہیوز کی موت کے بعد گردن کے محافظ کے استعمال کی سفارش کی تھی تاہم اب اسے قانون کے طور پر متعارف کروایا جارہا ہے۔سڈنی میں شیفیلڈ شیلڈ میچ کے دوران فلپ ہیوز سَر پر شان ایبٹ کی گیند لگی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا تاہم دو دن بعد وہ انتقال کرگئے تھے۔ہیلمٹ پر گردن اور سَر کے پچھلے حصے کی حفاظت کیلئے گارڈ منسلک ہوتا ہے، جس سے کھلاڑی بال لگنے کے باعث بھی زخمی ہونے سے محفوظ رہ سکتا ہے۔اسی طرح اسٹیو اسمتھ 2019 میں لارڈز میں ایک ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے بالر جوفرا آرچر کے باؤنسر سے ٹکرانے کے بعد گرگئے تھے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے گردن کے محافظوں کو لازمی قرار دینے کا حکم اس وقت آیا جب آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کگیسو ربادا کے باؤنسر سے چوٹ لگنے کے بعد زخمی ہونا پڑا۔