اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کینیڈا میں بھارت کی طرف سے ایک سکھ کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے، بھارت دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے بتایا ہے کہ بھارت نے جون 2021 میں لاہور میں دہشت گردی کی کارروائی کی، سال 2016 میں بھارتی را کے کمانڈر کلبھوشن کو گرفتار کیا گیا، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا، کلبھوشن کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا گیا، نیو یارک میں سائیڈ لائنز پر بھارت سے ملاقاتوں کا امکان نہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے صدر اردوان کے بیان کو سراہتے ہیں، ترکیے نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستانی مو?قف کی حمایت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعظم دورہء نیویارک پر ایک مختصر وفد ساتھ لے کر گئے ہیں، انوار الحق کاکڑ اور ایرانی صدر کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی، نگراں وزیرِ اعظم آج موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی مذمت کرتا ہے، امریکا کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی کی وزیرخارجہ سے گزشتہ رات ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغانستان میں امن و امان کی صورت حال اور باہمی تعاون پر بات ہوئی۔