اسلام آباد:جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کیسز میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو طلب کرلیا، آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو 24 اکتوبر کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔عدالت نے آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی مدت ملازمت کے آخری روز نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے قابل سماعت قرار دیا اور نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دیدیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 6 سابق وزرائے اعظم کے خلاف کیسز دوبارہ کھل گئے۔