لاہور:شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کو خوشحال کرنے آ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف 2013 میں منتخب ہوئے تو 20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی،سابق وزیراعظم نے 4 سال میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا۔ ن لیگ کے سابق دور میں مہنگائی نام کی کوئی چیز نہیں تھی،نواز شریف نے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دیا۔
انکا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ نے امریکی صدر کی 5 کالز کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے اور کہا کہ 5 ارب ڈالر کیلئے اپنے ملک کا سودا نہیں کروں گا۔ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی،نواز شریف وطن واپس آ کر ملک میں ترقی و خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کو خوشحال کرنے آ رہا ہے،وہ پاکستان کو بھارت سے آگے لے جانے کیلئے واپس آ رہے ہیں۔صدر مسلم لیگ ن مزید بتایا کہ جن کرداروں نے نواز شریف کے ساتھ ظلم اور نا انصافی کی ان کے بارے میں قوم کو سب پتہ ہے،نواز شریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا بلکہ ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا۔ دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن جاوید لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج لوگ باتیں کر رہے ہیں
قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے بیانیہ بدل لیا،ہمارا بیانیہ بھی وہی ہے اور ہماری ترجیحات بھی وہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16۔2017 کے ذمہ داروں کا احتساب نہیں کرتے لیکن 9 مئی ملزمان کا تو کریں۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کو الیکشن سے باہر نہیں دیکھنا چاہتے۔ الیکشن طوفانوں اور برفباری میں بھی ہوتے ہیں،انتخابات میں تاخیر کا نقصان مسلم لیگ ن کو ہو گا۔