کیف:شمال مشرقی یوکرین کے ایک گاؤں میں روسی میزائل حملے میں 51 افراد ہلاک ہو گئے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی یوکرین کے گاؤں میں واقع کیفے اور کریانے کی دکان پر روسی میزائل گرا جس کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہو گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرینی گاؤں میں جہاں روسی میزائل گرا وہاں ایک یوکرینی فوجی کی ہلاکت پر اظہارِ تعزیت کے لیے درجنوں افراد جمع تھے۔رپورٹ کے مطابق یوکرین کے علاقے خارکیو ہروزا کے گاؤں میں جہاں روسی میزائل گرا وہاں اب صرف ٹوٹی ہوئی عمارتوں کا ملبہ باقی بچا ہے۔رپورٹ کے مطابق یوکرین میں حالیہ روسی حملے نے مغربی رہنماؤں میں غم و غصے کو جنم دیا ہے۔اس حوالے سے یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے اسپین میں یورپی پولیٹیکل کمیونٹی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ خارکیو کے علاقے کے ایک گاؤں پر ایک عام دکان اور کیفے پر جان بوجھ کر میزائل حملہ کیا گیا۔دوسری جانب اقوام متحدہ نیخبردار کیا ہے کہ یوکرین میں حالیہ روسی حملہ جنگی جرم ہو سکتا ہے۔