اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بیس ہزار اہلکاروں کی ڈیوٹی سے نواز شریف کا جلسہ ہو ہی جائے گا تاہم ریاستی سطح پر استقبال سے انتخابات میں فتح نہیں ملتی۔
سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے نواز شریف کی پاکستان آمد اور واپسی کی تیاریوں سے متعلق بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے نواز شریف کے استقبال کے بدلے جنت کا اعلان حیرت انگیز ہے۔انہوں نے کہا کہ بیس ہزار اہلکاروں کی ڈیوٹی سے نواز شریف کا جلسہ ہو ہی جائے گا مگر ریاستی سطح پر استقبال سے انتخابات جیتے نہیں جا سکتے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے، بہت سلیکشن ہو چکی اب الیکشن ہونا چاہیے، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ ایک شخص کی سلیکشن کے لیے انتخابات روک کر رکھے جائیں۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف چار سالہ کی خود ساختہ جلاوطنی گزارنے کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔ واپسی پر گرفتاری روکنے کے لیے ن لیگ نے عدالتوں سے ضمانت بھی حاصل کرلی ہے۔