نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی پر ان کے سابق کاروباری شراکت داروں نے ہتک عزت کا مقدمہ درج کرا دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کے خلاف ان کے سابق کاروباری پارٹنرز نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرا دیا۔ایم ایس دھونی کے سابق کاروباری شراکت دار مہر دیواکر اور سومیا داس نے مستقل حکم امتناعی اور ہرجانے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ ایم ایس دھونی کے خلاف ہتک عزت کی درخواست آج 18 جنوری کو جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ کے بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر ہے۔درخواست میں سابق کاروباری پارٹنر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ دھونی کو مبینہ طور پر ان سے 15 کروڑ روپے کے غیر قانونی منافع اور 2017 کے معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق لگائے گئے جھوٹے الزامات سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے۔واضح رہے کہ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے چند روز قبل اپنے دونوں پارٹنرز مہر دیواکر اور سومیا داس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کے معاہدے کا احترام نہ کر کے تقریباً 16 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ایم ایس دھونی کے وکیل کا کہنا تھا کہ 2017 میں دونوں پارٹنرز نے کرکٹر کے نام پر بھارت اور بیرون ملک کرکٹ اکیڈمیاں قائم کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا اور معاہدے کے مطابق دھونی کو پوری فرنچائز فیس وصول کرنی تھی، منافع کرکٹر اور شراکت داروں کے درمیان 70:30 کی بنیاد پر تقسیم ہونا تھا لیکن ملزمان نے دھونی کو بتائے بغیر اکیڈمیاں قائم کرنا شروع کر دیں اور انہیں کوئی ادائیگی نہیں کی۔