تہران:ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم پر 4 افراد کو سزائے موت دے دی گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کیمطابق ایرانی عدلیہ نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے مجرموں کو پھانسی دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ پھانسی پانے والے مذکورہ 4 مجرمان پر ایرانی فوجی تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ ان افراد پر ایرانی دفاعی مقام کے خلاف آپریشن میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔جولائی 2022ء میں گرفتار کیے گئے ان افراد کو ستمبر 2023ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔مجرموں کو موساد نے آپریشن سے تقریباً ڈیڑھ سال پہلے بھرتی کیا تھا۔انہیں فوجی مراکز میں تربیتی کورسز کے لیے افریقی ممالک بھیجا گیا تھا جہاں موساد کے افسران موجود تھے۔یہ مجرمان عراقی کردستان کے راستے سے ایران میں داخل ہوئے اور صوبے اصفہان میں وزارتِ دفاع کی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔چاروں مجرمان کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کیے جانے کے بعد ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔