اسلام آباد:استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ وکلا برادری کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن سلمان اکرم راجہ سیاست کر لیں یا وکالت کر لیں لیکن کالا کوٹ پہن کر بدمعاشی نہ کریں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد کچھ حقائق سامنے لانا ہے، میں اپنے حلقے سے جیتا ہوں اور میرے سامنے ایس ایس پی لاہور کی رپورٹ ہے جس میں لکھا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے لاہور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو اٹھایا، مارا اور پھینک دیا۔انہوں نے کہا کہ میں وکلا برادری کی بہت عزت کرتا ہوں، یہ ہمارے لیے عزت کے قابل لوگ ہوتے ہیں لیکن اگر آپ اس کو پہن کر بدمعاشی کریں تو وہ قابل قبول نہیں ہے، ہم نے قانون کے دائرے میں رہنا ہے۔ ان کے لوگ گرفتار ہیں اور آپ کنفرم کر سکتے ہیں کہ وہ ان کے لوگ ہیں۔رہنما آئی پی پی نے کہا کہ ایک اور رپورٹ ہے جس میں کچھ وکلا آر او کے آفس میں بیٹھا کر دھاوا بولتے ہیں، اس کو پریشرائز کرتے ہیں اور رزلٹ اپنی مرضی کا کروایا، ہمارا کوئی بندہ ادھر نہیں تھا، امیدوار کو جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن 70 لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔عون چوہدری نے بتایا کہ ہم سب کو آر او نے باہر نکال دیا، انہیوں نے باہر لڑائی کی اور ہوائی فائرنگ کی، میں ابھی لاہور جاؤں گا اور ان پر ایف آئی آر کرواؤں گا۔ میری جیت کا نوٹیفکیشن ہوتا ہے تو راجہ صاحب اسٹے لے لیتے ہیں لیکن عدالت نے اسٹے کو خارج کر کے ای سی پی بھیج دیا، ان کے مطابق مجھے وننگ کینڈیڈیٹ بتایا گیا ہے۔