معروف آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش

نئی دہلی:بھارت سے تعلق رکھنے والے معروف آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکانٹ پر نومولود بیٹے کی تصویر پوسٹ کی، تصویر کے پسِ منظر میں سدھو موسے والا کا فوٹو فریم بھی موجود ہے جس پر لکھا ہوا ہے کہ “لیجنڈز کبھی نہیں مرتے”۔
انسٹاگرام اکانٹ پر شیئر کی جانے والی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار کے والد نے اپنے نومولود بیٹے کو گود میں لیا ہوا ہے اور سامنے میز پر کیک بھی موجود ہے۔
گلوکار کے والد نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ “سدھو موسے والا سے پیار کرنے والے لاکھوں مداحوں کی دعاں سے خدا نے ہمیں سدھو کے چھوٹے بھائی کی نعمت سے نوازا ہے، ہمارا چھوٹا بیٹا صحت مند ہے، میں تمام خیر خواہوں کی بے پناہ محبتوں کا شکر گزار ہوں”۔
گزشتہ ماہ بھارتی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عالمی شہرت یافتہ مقتول گلوکار سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے، سدھو موسے والا کی والدہ چرن کور امید سے ہیں اور جلد ہی ان کے ہاں بچے کی پیدائش کی توقع کی جا رہی ہے، اس وقت سدھو موسے والا کے والدین کی جانب سے اس خبر کی بذات خود تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم اب ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے دنیا بھر میں معروف گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو قتل کر دیا گیا تھا، وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے، 2022 کے الیکشن سے قبل سدھو موسے والا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور مانسہ ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا، ان کو عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی تھی اور اسی سال 29 مئی کو انہیں قتل کر دیا گیا، اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں سدھو موسے والا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں