کراچی:کھجور سے روزہ کھولنے کو ترجیح دینا مذہبی اور سائنسی دونوں طرح سے ہی بہت اہمیت کا حامل ہے۔اسلامی روایت میں کھجور سے روزہ افطار کرنا سنت سمجھا جاتا ہے اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کھجور نبی ۖ کا پسندیدہ خشک میوہ تھا اور وہ ہمیشہ اپنا روزہ کھجور سے افطار کیا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمان اپنا روزہ کھجور سے افطار کرنے کے بعد دوسری کوئی چیز کھاتے ہیں۔دوسری جانب ماہرینِ صحت بھی کھجور کے ساتھ افطار کرنے کے بہت سے فوائد بتاتے ہیں۔ طویل وقت کا روزہ تیزابیت کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ روزے کے دوران کھانے پینے سے پرہیز کرنا کچھ لوگوں کو زیادہ کیلوریز والی غذائیں کھانے پر اکساتا ہے جس سے ہاضمے کے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں کھجور جسم میں بائیل جوس کی سطح کو بڑھانے اور معدے کو ٹھیک رکھنے، تیزابیت اور بدہضمی کو روکنے کا ایک زبردست حل ہے۔ کھجور میں موجود پانی کی زیادہ مقدار انسان کے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد کرتی ہے۔علاوہ ازیں کھجور صحت کے لیے ضروری غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے، اس میں موجود پروٹین جسم کو فوری طاقت اور توانائی فراہم کرتے ہیں جبکہ اس میں موجود فائبر، آئرن، سوڈیم اور پوٹاشیم مجموعی طور پر انسان کو تندرست رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یوں مسلمان رمضان المبارک کے مہینے میں روزہ افطار کرتے ہوئے نبی ۖ کی سنت پر عمل پیرا ہو کر اپنی جسمانی تندرستی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔