تحریک انصاف کا اتوار کو پشاور میں ریلی نکالنے کا اعلان

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے پشاور میں تحریک انصاف کی ریلی کا اعلان کر دیا،پشاور میں تاریخ کی سب سے بڑی ریلی ہوگی ،کارکن کمر کس لیں ۔اڈیالہ جیل کے باہربیرسٹرگوہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلی کامقصدعدلیہ کی آزادی اور قیدی نمبر 804 کی رہائی ہوگا۔ریلی کے لیے جگہ کا تعین جلد کیا جائے گا۔
پشاور ریلی دو بجے شروع ہو گی، بیرسٹر گوہر لیڈ کریں گے، پرامن ریلی ہو گی۔ اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں جلسہ بھی ہوگا، عدالت کی طرف سے ہمیں جلسے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دے گی تمام شہروں سے لوگ ریلی میں شریک ہوں گے۔ چھ اپریل کو اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ مینڈیٹ کی ریکوری کے لیے سب شرکت کریں۔اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین سے 45 منٹ ملاقات ہوئی، ججز کے لیٹر کے بعد پہلی ملاقات ہوئی، اس لیٹر کے حوالے سے بڑے تحفظات ہیں لیٹر کے معاملے پر بانی چیئرمین کو بڑا دکھ ہے کہ لوگ اس حد تک بھی چلے جاتے ہیں عمران خان کا کارکنوں کے نام پیغام ہے کہ جس جس پر ظلم ہوا ہے وہ اپنا وی لاگ بناکر کرکے اپ لوڈ کرے، جس جس نے ظلم کیا ہے اس کا ںام لے کر وی لاگ اپ لوڈ کریں۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب! چیف جسٹس پاکستان کے نام لیٹر بھیجیں گے جس میں عمران خان کے مقدمات کو ڈیل کرنے کا احوال لکھیں گے، عمران خان کہتے ہیں کہ ہمیشہ عدلیہ کیلئے کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے ہمیں جلسے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ ریلی میں ڈیرہ اسماعیل خان سے لے کر چترال تک تمام جگہ سے لوگ شرکت کریں، پنجاب میں میانوالی اور دیگر اضلاع کو بھی شرکت کی دعوت ہے۔لطیف کھوسہ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں