وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

کراچی:وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔وزیراعظم کراچی کے ایک روزہ دورہ کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں صوبائی وزراء نے شہباز شریف کا استقبال کیا اور وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیساتھ ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعظم سے سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں ودیگر مسائل پر بات چیت ہوئی اور وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے ساتھ ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کابینہ ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی اور عطاء اللہ تارڑ بھی کراچی پہنچے ہیں۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر حلف لیا، شہباز شریف نے پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق لڑکے اور لڑکیوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق شہباز شریف کاروباری برادری اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات بھی کریں گے اور کاروباری برادری سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تجاویز لیں گے جبکہ وزیراعظم سندھ کی مجموعی سیاسی صورتحال اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں