واشنگٹن:پینٹاگون نے بدھ کو کہا کہ عارضی پشتے پر کام نصف سے زیادہ مکمل ہو چکا ہے جسے امریکی فوج غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں اضافے کے لیے تعمیر کر رہی ہے۔تعمیر کے آغاز کا اعلان 25 اپریل کو کیا گیا تھا اور امریکی حکام نے کہا ہے کہ یہ پشتہ رواں ماہ کے اوائل میں فعال ہو جائے گا۔پینٹاگون کی ڈپٹی پریس سکریٹری سبرینا سنگھ نے صحافیوں کو بتایا، “آج تک ہم پشتہ قائم کرنے کا 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کر چکے ہیں۔”پشتے کے منصوبے ـ جس پر پینٹاگون نے اس ہفتے کے اوائل میں کہا تھا کہ کم از کم 320 ملین ڈالر اخراجات آئیں گے ـ کا اعلان پہلی بار امریکی صدر جو بائیڈن نے مارچ کے اوائل میں کیا تھا جب اسرائیل نے زمینی امداد کی فراہمی روک دی تھی۔غزہ جو حماس کے خلاف چھ ماہ سے زیادہ کی اسرائیلی کارروائیوں سے تباہ ہو چکا ہے، وہاں کی انسانی صورتِ حال بدستور تشویشناک ہے۔ امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس علاقے کی 2.2 ملین کی پوری آبادی کو خوراک کی عدم تحفظ کا سامنا ہے۔محصور علاقے کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائی میں غزہ میں اب تک کم از کم 34,568 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔